EN हिंदी
ہم ہیں اور ان کی خوشی ہے آج کل | شیح شیری
hum hain aur unki KHushi hai aaj-kal

غزل

ہم ہیں اور ان کی خوشی ہے آج کل

شکیل بدایونی

;

ہم ہیں اور ان کی خوشی ہے آج کل
زندگی ہی زندگی ہے آج کل

غم کا ہر عالم نیا ہے ان دنوں
دل کی ہر دنیا نئی ہے آج کل

ان کا ذکر ان کی تمنا ان کی یاد
وقت کتنا قیمتی ہے آج کل

چاند بھی ہے سوگوار ہجر دوست
پھیکی پھیکی چاندنی ہے آج کل

جل رہی ہے دل میں شمع آرزو
غم کدے میں روشنی ہے آج کل

تو ہے اور دریا دلی ہے ساقیا
میں ہوں اور تشنہ لبی ہے آج کل

بے قراری کروٹوں پر کروٹیں
دل کا عالم دیدنی ہے آج کل

عرض غم پر مسکراتے بھی نہیں
برہمی سی برہمی ہے آج کل

حاصل ترک محبت دیکھنا
انجمن سونی پڑی ہے آج کل

دل میں اور مایوسیوں میں اے شکیلؔ
اتحاد باہمی ہے آج کل