EN हिंदी
غبار شب ذرا اس امر کی خبر کرنا | شیح شیری
ghubar-e-shab zara is amr ki KHabar karna

غزل

غبار شب ذرا اس امر کی خبر کرنا

نرجس افروز زیدی

;

غبار شب ذرا اس امر کی خبر کرنا
کہاں سے ہے مجھے اب ہجر کا سفر کرنا

یہ موج‌ باد زمانہ ہے بے لحاظ بہت
تم اپنے اپنے چراغوں پہ اک نظر کرنا

رہا نہ اس کو اگر مجھ پہ اعتماد تو پھر
کسی حوالے سے کیا خود کو معتبر کرنا

دعائیں دے کے ہی کرنا ہے اب اسے رخصت
پھر اپنے ساتھ جو ہونا ہے درگزر کرنا

وہاں وہاں مری نیندوں کو جاگتا پانا
جہاں جہاں مرے حصے کی شب بسر کرنا

ہے اک خیال مکیں کب سے خانۂ دل میں
ذرا سی بات پہ کیا اس کو در بدر کرنا

وہ دے رہا تھا مجھے آج بے گھری کی دعا
تو یاد آیا بہت اس کا دل میں گھر کرنا

کہ مانگنا مرا چہرہ جو شہر بے چہرہ
تو اپنے وسعت دامن پہ اک نظر کرنا