EN हिंदी
غیر کو منہ لگا کے دیکھ لیا | شیح شیری
ghair ko munh laga ke dekh liya

غزل

غیر کو منہ لگا کے دیکھ لیا

داغؔ دہلوی

;

غیر کو منہ لگا کے دیکھ لیا
جھوٹ سچ آزما کے دیکھ لیا

ان کے گھر داغؔ جا کے دیکھ لیا
دل کے کہنے میں آ کے دیکھ لیا

کتنی فرحت فزا تھی بوئے وفا
اس نے دل کو جلا کے دیکھ لیا

کبھی غش میں رہا شب وعدہ
کبھی گردن اٹھا کے دیکھ لیا

جنس دل ہے یہ وہ نہیں سودا
ہر جگہ سے منگا کے دیکھ لیا

لوگ کہتے ہیں چپ لگی ہے تجھے
حال دل بھی سنا کے دیکھ لیا

جاؤ بھی کیا کرو گے مہر و وفا
بارہا آزما کے دیکھ لیا

زخم دل میں نہیں ہے قطرۂ خوں
خوب ہم نے دکھا کے دیکھ لیا

ادھر آئینہ ہے ادھر دل ہے
جس کو چاہا اٹھا کے دیکھ لیا

ان کو خلوت سرا میں بے پردہ
صاف میدان پا کے دیکھ لیا

اس نے صبح شب وصال مجھے
جاتے جاتے بھی آ کے دیکھ لیا

تم کو ہے وصل غیر سے انکار
اور جو ہم نے آ کے دیکھ لیا

داغؔ نے خوب عاشقی کا مزا
جل کے دیکھا جلا کے دیکھ لیا