EN हिंदी
فتنۂ گردش ایام سے جی ڈرتا ہے | شیح شیری
fitna-e-gardish-e-ayyam se ji Darta hai

غزل

فتنۂ گردش ایام سے جی ڈرتا ہے

جاوید کمال رامپوری

;

فتنۂ گردش ایام سے جی ڈرتا ہے
سایۂ زلف سیہ فام سے جی ڈرتا ہے

دن کے سینے میں دھڑکتے ہوئے لمحوں کی قسم
شب کی رفتار سبک گام سے جی ڈرتا ہے

وہی تاریک دریچے وہی بے نور شفق
پرتو مہر تہی دام سے جی ڈرتا ہے

وہی بے وجہ اداسی وہی بے نام خلش
رسم راہ دل ناکام سے جی ڈرتا ہے

وہی سنسان فضائیں وہی ویراں سا نگر
آ کے بیٹھو تو در و بام سے جی ڈرتا ہے