EN हिंदी
دلوں میں حبس کا عالم پرانی عادتوں سے ہے | شیح شیری
dilon mein habs ka aalam purani aadaton se hai

غزل

دلوں میں حبس کا عالم پرانی عادتوں سے ہے

صلاح الدین ندیم

;

دلوں میں حبس کا عالم پرانی عادتوں سے ہے
لبوں پر تلخیوں کا زہر بگڑے ذائقوں سے ہے

جو اجڑا شہر خوابوں کا تو اپنی بھی اڑی ہے گرد
کسی سوکھے ہوئے دریا کی صورت مدتوں سے ہے

یہ کالی رات کا دریا بہا کر لے گیا سورج
ہراساں صبح کے ساحل پہ دل تاریکیوں سے ہے

مہکتے پھول بھی ڈسنے لگے ہیں سانپ کی صورت
فضا باغوں کے اندر بھی دلوں کے موسموں سے ہے

انہیں لمحوں کی آہٹ سے ملیں بیداریاں مجھ کو
مرے دریا کی جولانی سمے کے پانیوں سے ہے

وہ آنچ آنے لگی خود سے کہ دل ڈرنے لگا اپنا
جہنم روح کا بھڑکا ہوا خاموشیوں سے ہے

کھلیں آنکھیں تو سل نور میں ڈوبا ہوا پایا
مرے سورج کی تابانی نظر کے شعبدوں سے ہے

ندیمؔ اس راہ میں صدیوں کی دیواریں بھی حائل ہیں
نئی دنیا ابھی تک اوٹ میں ان ظلمتوں سے ہے