EN हिंदी
دل سے جس کو چاہتا ہوں کیوں اسے رسوا کروں | شیح شیری
dil se jis ko chahta hun kyun use ruswa karun

غزل

دل سے جس کو چاہتا ہوں کیوں اسے رسوا کروں

منیرالدین سحر سعیدی

;

دل سے جس کو چاہتا ہوں کیوں اسے رسوا کروں
یہ مرا شیوہ نہیں میں عشق کا چرچا کروں

احتیاطاً اس لیے تنہا رہا کرتا ہوں میں
یاد وہ آ جائے تو جی کھول کر رویا کروں

خط مرا پڑھ کر ستم گر کیوں نہ ہوگا اشک بار
آہ کا لے کر قلم جب درد کو انشا کروں

تو چلے ہم راہ تو رستہ دکھائی دے مجھے
کیوں عبث پرچھائیوں کے غول کا پیچھا کروں

دل میں اک معصوم سی یہ آرزو بھی ہے سحرؔ
وہ مخاطب مجھ سے ہو اور میں اسے دیکھا کروں