EN हिंदी
دکھا کر اک نظر دل کو نہایت کر گیا بے کل | شیح شیری
dikha kar ek nazar dil ko nihayat kar gaya bekal

غزل

دکھا کر اک نظر دل کو نہایت کر گیا بے کل

نظیر اکبرآبادی

;

دکھا کر اک نظر دل کو نہایت کر گیا بے کل
پری رو تند خو سرکش ہٹیلا چلبلا چنچل

وہ عارض اور جبیں تاباں کہ ہوں دیکھ اس کو شرمندہ
قمر خورشید زہرہ شمع شعلہ مشتری مشعل

کفوں میں انگلیوں میں لعل میں اور چشم میگوں میں
حنا آفت ستم فندق مسی جادو فسوں کاجل

بدن میں جامۂ زر کش سراپا جس پہ زیب آور
کڑے بندے چھڑے چھلے انگوٹھی نورتن ہیکل

نزاکت اور لطافت وہ کف پا تک کہ حیراں ہوں
سمن گل لالہ نسریں نسترن درپرنیاں مخمل

سراسر پر فریب ایسا کہ ظاہر جس کی نظروں سے
شرارت شوخی عیاری طرح پھرتی دغا چھلبل

نظیرؔ اک عمر عشرت ہو ملے ایسا پری پیکر
اگر اک آن اگر اک دم اگر اک چھن اگر اک پل