دروازہ مایوس ہے شاید سوگ میں ہے انگنائی بہت
اک مدت پر اپنے گھر کی آئی تو یاد آئی بہت
میں کیا جانوں بھید ہے کیسا پوچھو گھاٹ کے پتھر سے
دھیرے دھیرے آخر کیسے جم جاتی ہے کائی بہت
پورب پچھم اتر دکھن ہر جانب ہے ایک ہی حال
کوئی بھی موسم ہو غم کی چلتی ہے پروائی بہت
اندھے بہرے گونگے سائے خاک مرے کام آئیں گے
آوازوں کے اس جنگل میں ڈستی ہے تنہائی بہت
کہتی ہیں کچھ اور لکیریں لفظوں کا مفہوم ہے اور
چاہے جو بھی نقش ہو اس میں ہوتی ہے گہرائی بہت
پیار شرافت ہمدردی ایثار وفا سچائی خلوص
رونقؔ یہ وہ لفظ ہیں جن سے ہوتی ہے رسوائی بہت
غزل
دروازہ مایوس ہے شاید سوگ میں ہے انگنائی بہت
رونق نعیم