EN हिंदी
درد کی آنکھ سے تیرے غم کا لہو | شیح شیری
dard ki aankh se tere gham ka lahu

غزل

درد کی آنکھ سے تیرے غم کا لہو

جوہر میر

;

درد کی آنکھ سے تیرے غم کا لہو
بن کے سیلاب بہنے لگا چار سو

دامن دل جھٹک کر کوئی چل دیا
گنگناتی رہی دیر تک آب جو

خشک شاخوں نے دھرتی کا غم کہہ دیا
زرد پتوں کی بچ ہی گئی آبرو

بین کرتی ہواؤں کی آشفتگی
چھین کر لے گئی کاوش جستجو

دیکھنے سوگواران یوسف ہمیں
کتنے پیغمبروں کی لٹی آبرو

پھول اپنی تمازت سے سنولا گئے
لاکھ پھیلا رہا دامن رنگ و بو

اپنی سانسوں پہ یوں بد گمانی سی ہے
کوئی کاٹے بدن تو نہ نکلے لہو

میرؔ جی وہ مغنی کہاں کھو گیا
ہم تو گھوم آئے ہیں در بدر کو بہ کو