EN हिंदी
چشم یقیں سے دیکھیے جلوہ گہ صفات میں | شیح شیری
chashm-e-yaqin se dekhiye jalwa-gah-e-sifat mein

غزل

چشم یقیں سے دیکھیے جلوہ گہ صفات میں

وقار بجنوری

;

چشم یقیں سے دیکھیے جلوہ گہ صفات میں
حسن ہی حسن ہے تمام عشق کی کائنات میں

ایسے بھی وقت آئے ہیں عشق کی واردات میں
مستیاں جھوم جھوم اٹھیں دیدۂ کائنات میں

تو مری سرگزشت غم سن کے کرے گا کیا ندیم
وقف خلش ہے ہر نفس درد ہے بات بات میں

جام و شراب و خم سبو ساقیا ہیں برائے نام
نشہ تری نظر کا ہے مے کدۂ حیات میں

جس کا انیس تیرا غم جس کی رفیق تیری یاد
اس کو ملا سکون دل بزم تغیرات میں

ترک و طلب کے مرحلے اس طرح ہم نے طے کئے
سامنے میرے وہ رہے آئینۂ حیات میں

عالم بے خودی میں گر سجدہ کیا کوئی وقارؔ
بن گیا نقش جاوداں منزل بے ثبات میں