چراغ ہاتھ میں تھا تیر بھی کمان میں تھا
میں پھر بھی ہار گئی تو جو درمیان میں تھا
میں آسماں کی حدوں کو بھی پار کر لیتی
مگر وہ خوف جو حائل میری اڑان میں تھا
تھی زخم زخم مگر خود کو ٹوٹنے نہ دیا
سمندروں سے سوا حوصلہ چٹان میں تھا
بدل بھی سکتا ہے اخبار کی خبر کی طرح
ترا یہ وصف بھلا کب مرے گمان میں تھا
اکیلا چھوڑ دیا دھوپ میں سفر کے لئے
اس ایک شخص نے جو دل کے سائبان میں تھا
یقین تجھ پہ بھا کس طرح میں کر لیتی
تضاد حد سے زیادہ ترے بیان میں تھا
غزل
چراغ ہاتھ میں تھا تیر بھی کمان میں تھا
حمیرا راحتؔ