EN हिंदी
چاہے ہمارا ذکر کسی بھی زباں میں ہو | شیح شیری
chahe hamara zikr kisi bhi zaban mein ho

غزل

چاہے ہمارا ذکر کسی بھی زباں میں ہو

سعید نقوی

;

چاہے ہمارا ذکر کسی بھی زباں میں ہو
کچھ حسرتوں کی بات بھی رسم بیاں میں ہو

آئے تو اس وقار سے اب کے عذاب ہجر
شرمندہ یہ بہار بھی اب کے خزاں میں ہو

رکھا ہے زندگی کو بھی ہر حال میں عزیز
جب کہ عذاب زیست بھی اپنے گماں میں ہو

نکلوں تری تلاش میں جب آسمان پر
صدمہ مرے خیال کو دونوں جہاں میں ہو

رسم جنوں کا باب ہے اول و آخری
لکھا نصاب دل تو کسی بھی زباں میں ہو

یہ تیرا حسن ظن تھا کہ دل کام آ گیا
ورنہ تو اس کا ذکر بھی کار زیاں میں ہو

کچھ لوگ تھے سفر میں مگر ہم زباں نہ تھے
ہے لطف گفتگو کا جو اپنی زباں میں ہو

بیٹھا ہوں دور سائے سے اس واسطے سعیدؔ
آسودگی سفر کی اسی امتحاں میں ہو