بکھرے تو پھر بہم مرے اجزا نہیں ہوئے
سرزد اگرچہ معجزے کیا کیا نہیں ہوئے
انسان ہے تو پاؤں میں لغزش ضرور ہے
جرم شکست جام بھی بے جا نہیں ہوئے
ہم زندگی کی جنگ میں ہارے ضرور ہیں
لیکن کسی محاذ سے پسپا نہیں ہوئے
انساں ہیں اب تو مدتوں ہم دیوتا رہے
شکلیں نہیں بنیں جو ہیولیٰ نہیں ہوئے
ٹھہرو ابھی یہ کھیل مکمل نہیں ہوا
جی بھر کے ہم تمہارا تماشا نہیں ہوئے
ہر سر سے آسمان کی چھت اٹھ نہیں گئی
کب تجربہ میں شہر یہ صحرا نہیں ہوئے
شوکتؔ دیار شوق کی رونق انہی سے ہے
جو اپنی ذات میں کبھی تنہا نہیں ہوئے
غزل
بکھرے تو پھر بہم مرے اجزا نہیں ہوئے
شوکت واسطی