EN हिंदी
بیتے رشتے تلاش کرتی ہے | شیح شیری
bite rishte talash karti hai

غزل

بیتے رشتے تلاش کرتی ہے

گلزار

;

بیتے رشتے تلاش کرتی ہے
خوشبو غنچے تلاش کرتی ہے

جب گزرتی ہے اس گلی سے صبا
خط کے پرزے تلاش کرتی ہے

اپنے ماضی کی جستجو میں بہار
پیلے پتے تلاش کرتی ہے

ایک امید بار بار آ کر
اپنے ٹکڑے تلاش کرتی ہے

بوڑھی پگڈنڈی شہر تک آ کر
اپنے بیٹے تلاش کرتی ہے