EN हिंदी
بچھڑنا مجھ سے تو خوابوں میں سلسلہ رکھنا | شیح شیری
bichhaDna mujhse to KHwabon mein silsila rakhna

غزل

بچھڑنا مجھ سے تو خوابوں میں سلسلہ رکھنا

فاروق بخشی

;

بچھڑنا مجھ سے تو خوابوں میں سلسلہ رکھنا
دیار ذہن میں دل کا دیا جلا رکھنا

پلٹ کے آئیں گے موسم تو تم کو لکھوں گا
کتاب دل کا ورق تم ذرا کھلا رکھنا

میں چاہتا ہوں وہ آنکھیں جو روز ملتی ہیں
کبھی تو مجھ سے کہیں ہم پہ آسرا رکھنا

بدن کی آگ سے جھلسے نہ جسم روحوں کا
قریب آ کے بھی تم مجھ سے فاصلہ رکھنا

اداس لمحوں کے موسم گزر ہی جائیں گے
کسی کی بات کا اب دل میں کیا گلہ رکھنا

جو چل پڑے ہو مرے ساتھ تپتی راہوں پر
کہیں اتار کے پھولوں کی یہ قبا رکھنا