بے تعلق سارے رشتے کون کس کا آشنا
ساتھ سائے کی طرح سب اور سب نا آشنا
کرب جاری ہے بجائے خوں رگوں میں صاحبو
کون ہے ہم سا جہاں میں غم سے اتنا آشنا
ہاں ہماری نبھ تو سکتی تھی مگر کیسے نبھے
اپنی خودداری میں ہم اور وہ وفا نا آشنا
ایک اک کا منہ تکیں بیگانگی کے شہر میں
اب کہیں کیا کس سے ہم اب کون اپنا آشنا
نیو بیٹھی جا رہی ہے ساری دیواریں گئیں
گھر کا باسی گھر کی حالت سے نہیں کیا آشنا
جو نہ کرنا تھا کرایا اور نادم بھی نہیں
اے دل ناداں کسی کا ہو نہ تجھ سا آشنا
اجنبی اک دوسرے سے بات کیا کرتے نہیں
اک ذرا سے ساتھ میں کیا آشنا نا آشنا
خم بہ خم چھلکے تری صہبا نشہ قائم رہے
لذت زہراب غم سے کب ہوا تھا آشنا
پارۂ سیماب بھی بلقیسؔ ٹھہرا ہے کہیں
وہ تلون کیش کس کا دوست کس کا آشنا
غزل
بے تعلق سارے رشتے کون کس کا آشنا
بلقیس ظفیر الحسن