بستی بستی مقتل بابا
شہر سے اچھا جنگل بابا
چاند میں بیٹھی بڑھیا پوچھے
کیوں ہوئی دنیا پاگل بابا
درویشی میں خاک برابر
سونا ہو یا پیتل بابا
جس کا من دھنوان ہے اس کے
تن کا ٹاٹ بھی مخمل بابا
یار ملے تو سب دن اچھے
کیا جمعہ کیا منگل بابا
جانے کہاں اور کس پر برسے
وقت ہے اڑتا بادل بابا
اپدیشوں میں بیت نہ جائے
جیون ہے کرم استھل بابا
جو کرنا ہے آج ہی کر لے
جانے کون رہے کل بابا

غزل
بستی بستی مقتل بابا
اظہار وارثی