EN हिंदी
بیٹھ جاتا تھا میں تھک کر اپنے تن کی چھاؤں میں | شیح شیری
baiTh jata tha main thak kar apne tan ki chhanw mein

غزل

بیٹھ جاتا تھا میں تھک کر اپنے تن کی چھاؤں میں

انتخاب عالم

;

بیٹھ جاتا تھا میں تھک کر اپنے تن کی چھاؤں میں
ایک گھر ہوتا تھا اپنے نام کا اس گاؤں میں

قطرے قطرے کو ترستا ہی رہا میں عمر بھر
گو سفر کرتا رہا میں عمر بھر دریاؤں میں

مر کے جیتا تھا کبھی میں جی کے مرتا تھا کبھی
خوش نصیبی تھی سفر کرتا تھا دو دنیاؤں میں

دیکھتی آنکھوں سے ہم چپ چاپ سنتے ہی رہے
گفتگو جاری تھی رنگ گل پہ نا بیناؤں میں

شہر میں رہتے ہوئے تنہائی کا یہ حال تھا
میں گھرا رہتا تھا جیسے بے کراں صحراؤں میں

جس شجر کو کاٹ کر اس نے ہٹایا راہ سے
رہ چکا تھا وہ شجر اس کے کرم فرماؤں میں

خواب میں عالمؔ نے اوج عرش تک پرواز کی
اور جاگے تو وہی چکر تھا اپنے پاؤں میں