EN हिंदी
بہت کہا تھا سخن وروں میں گزر نہ کرنا | شیح شیری
bahut kaha tha suKHan-waron mein guzar na karna

غزل

بہت کہا تھا سخن وروں میں گزر نہ کرنا

کرشن کمار طورؔ

;

بہت کہا تھا سخن وروں میں گزر نہ کرنا
بہت کہا تھا کہ بات سننا مگر نہ کرنا

بہت کہا تھا کہ ڈوبنے کا ہے ڈر زیادہ
بہت کہا تھا کہ پانیوں کا سفر نہ کرنا

بہت کہا تھا کہ تم اکیلے نہ رہ سکو گے
بہت کہا تھا کہ ہم کو یوں در بدر نہ کرنا

بہت کہا تھا وہ تم کو پہچانتا نہیں ہے
بہت کہا تھا تم اس کو اپنی خبر نہ کرنا

بہت کہا تھا کہ رابطوں کو دراز رکھنا
بہت کہا تھا محبتیں مختصر نہ کرنا

بہت کہا تھا کہ عشق آخر تو عشق ٹھہرا
بہت کہا تھا کسی کو اس کی خبر نہ کرنا

بہت کہا تھا زمیں سے رشتہ نہ طورؔ ٹوٹے
بہت کہا تھا فلک کو زیر اثر نہ کرنا