EN हिंदी
بدن میں جاگ اٹھی کپکپاہٹیں کیسی | شیح شیری
badan mein jag uThi kapkapahaTen kaisi

غزل

بدن میں جاگ اٹھی کپکپاہٹیں کیسی

مرتضیٰ برلاس

;

بدن میں جاگ اٹھی کپکپاہٹیں کیسی
میں سن رہا ہوں یہ فردا کی آہٹیں کیسی

مکیں کو یاد ہزیمت کی داستاں ہے مگر
تو اس کے گھر میں ہیں یہ جگمگاہٹیں کیسی

شکست دل کا جو احساس اب بھی زندہ ہے
تو پھر یہ ہونٹوں پہ ہیں مسکراہٹیں کیسی

وجود ٹوٹ رہا ہو تو کیسی نغمہ گری
جو دل سکوں سے نہ ہو گنگناہٹیں کیسی

فراز دار مقدر بنے کہ زہر کا جام
دیار شوق میں اب ہچکچاہٹیں کیسی

سمجھ کے سنگ جسے چھو لیا بدن تو نہ تھا
رگوں میں دوڑ گئیں سرسراہٹیں کیسی

قبول عام کا منصب جو میرے فن کو ملا
تو دوستوں کو ہوئیں تلملاہٹیں کیسی