EN हिंदी
بادۂ خم خانۂ توحید کا مے نوش ہوں | شیح شیری
baada-e-KHum-e-KHana-e-tauhid ka mai-nosh hun

غزل

بادۂ خم خانۂ توحید کا مے نوش ہوں

مہراج سرکشن پرشاد شاد

;

بادۂ خم خانۂ توحید کا مے نوش ہوں
چور ہوں مستی میں ایسا بے خود و مدہوش ہوں

گرد پھرنے دے مجھے ساقی یہ میرا فرض ہے
مثل ساغر دور میں ہوں بادۂ سرجوش ہوں

طرز خاموشی مری بتلاتی ہے اس راز کو
ہوں نوا سنج حقیقت لاکھ میں خاموش ہوں

دردمند عشق ہو کر ضبط کا خوگر ہوں میں
صورت سیماب ہو کر پیکر خاموش ہوں

کس کی فرقت وصل کس کا اور ہے معشوق کون
شادؔ میں اس عالم تکویں کا ہم آغوش ہوں