EN हिंदी
الفاظ نہ دے پائیں اگر ساتھ بیاں کا | شیح شیری
alfaz na de paen agar sath bayan ka

غزل

الفاظ نہ دے پائیں اگر ساتھ بیاں کا

عتیق مظفر پوری

;

الفاظ نہ دے پائیں اگر ساتھ بیاں کا
آنکھوں سے بھی لے لیتے ہیں وہ کام زباں کا

قاتل کی جبیں پر ہیں پسینے کی لکیریں
شاید کہ اثر ہے یہ مری آہ و فغاں کا

آنگن ہے نہ ڈیوڑھی نہ چنبیلی کا وہ منڈوا
شہروں نے بدل ڈالا ہے مفہوم مکاں کا

آئے ہو تو کچھ دیر ٹھہر جاؤ یہاں بھی
ہم بھی تو مزہ لیں ذرا رنگین سماں کا

یہ سوچ کے وعدے پہ یقیں ہم نے کیا ہے
کچھ پاس تو رکھوگے مری جان زباں کا

اس طرز تخاطب سے عتیقؔ ان کو لگا ہے
جیسے کہ کبھی تھا ہی نہیں میں تو یہاں کا