EN हिंदी
عکس جا بہ جا اپنی ذات کے گراتا ہے | شیح شیری
aks ja-ba-ja apni zat ke giraata hai

غزل

عکس جا بہ جا اپنی ذات کے گراتا ہے

جعفر شیرازی

;

عکس جا بہ جا اپنی ذات کے گراتا ہے
کون آسمانوں سے آئنے گراتا ہے

میں نے روپ دھارا ہے اس کی روح کا اور وہ
میرے نقش ہی میرے سامنے گراتا ہے

عمر بھر اٹھائے گا دکھ مرے بکھرنے کا
آنکھ کی بلندی سے کیوں مجھے گراتا ہے

شعلۂ محبت اور آب اشک اے ناداں
روشنی کو دریا میں کس لئے گراتا ہے

وہ ہوا کا جھونکا بھی میرا سخت دشمن ہے
شاخ سے جو پتے کو زور سے گراتا ہے

جذب کر نہ لے جعفرؔ سوچ لہر کی تجھ کو
تو کہاں سمندر میں کنکرے گراتا ہے