EN हिंदी
اگر ہے منظور یہ کہ ہووے ہمارے سینے کا داغ ٹھنڈا | شیح شیری
agar hai manzur ye ki howe hamare sine ka dagh ThanDa

غزل

اگر ہے منظور یہ کہ ہووے ہمارے سینے کا داغ ٹھنڈا

نظیر اکبرآبادی

;

اگر ہے منظور یہ کہ ہووے ہمارے سینے کا داغ ٹھنڈا
تو آ لپٹئے گلے سے اے جاں جھمک سے کر جھپ چراغ ٹھنڈا

ہم اور تم جاں اب اس قدر تو محبتوں میں ہیں ایک تن من
لگایا تم نے جبیں پہ صندل ہوا ہمارا دماغ ٹھنڈا

لبوں سے لگتے ہی ہو گئی تھی تمام سردی دل و جگر میں
دیا تھا ساقی نے رات ہم کو کچھ ایسے مے کا ایاغ ٹھنڈا

درخت بھیگے ہیں کل کے مینہ سے چمن چمن میں بھرا ہے پانی
جو سیر کیجے تو آج صاحب عجب طرح کا ہے باغ ٹھنڈا

وہی ہے کامل نظیرؔ اس جا وہی ہے روشن دل اے عزیزو
ہوا سے دنیا کی جس کے دل کا نہ ہووے ہرگز چراغ ٹھنڈا