اب انہیں اپنی اداؤں سے حجاب آتا ہے
چشم بد دور دلہن بن کے شباب آتا ہے
ہجر میں بھی مجھے امداد اجل ہے درکار
میری تربت پہ نہ آ تجھ سے حجاب آتا ہے
دید آخر ہے الٹ دیجیے چہرے سے نقاب
آج مشتاق کے چہرے پہ نقاب آتا ہے
کس طرف جوش کرم تیری نگاہیں اٹھیں
کون محشر میں سزاوار عتاب آتا ہے
موت کی نیند بھی اب چین سے سونا معلوم
کہ جنازے پہ وہ غارت گر خواب آتا ہے
دل کو اس طرح ٹھہر جانے کی عادت تو نہ تھی
کیوں اجل کیا مرے نامے کا جواب آتا ہے
جلوۂ رنگ ہے نیرنگ تقاضائے نگاہ
کوئی مجبور تماشائے سراب آتا ہے
ہو گیا خون ترے ہجر میں دل کا شاید
اب تصور بھی ترا نقش بر آب آتا ہے
ملتی جلتی ہے مری عمر دو روزہ فانیؔ
جی بھر آتا ہے اگر ذکر حباب آتا ہے
غزل
اب انہیں اپنی اداؤں سے حجاب آتا ہے
فانی بدایونی