EN हिंदी
آشنا کب ہو ہے یہ ذکر دل شاد کے ساتھ | شیح شیری
aashna kab ho hai ye zikr dil-e-shad ke sath

غزل

آشنا کب ہو ہے یہ ذکر دل شاد کے ساتھ

حسرتؔ عظیم آبادی

;

آشنا کب ہو ہے یہ ذکر دل شاد کے ساتھ
لب کو نسبت ہے مرے زمزمۂ داد کے ساتھ

بس کہ ہے چشم مروت سے بھرا گریہ زار
پڑا پھرتا ہے مرے نالہ و فریاد کے ساتھ

یاد اس لطف حضوری کا کریں کیا حاصل
آ پڑا کام فقط اب تو تری یاد کے ساتھ

ظلم ہے حق میں ہمارے ترا اب ترک ستم
دل کو ہے انس سا اک اس تری بیداد کے ساتھ

زلف و کاکل سے قوی حسن کا بازو ہے مدام
قفس و دام رہے جیسے کہ صیاد کے ساتھ

خون ناحق رہا پرویز کی گردن پہ ولے
لطف شیریں نے ستم یہ کیا فرہاد کے ساتھ

راستی سے بھلا اتنا بھی گزرنا کیا ہے
نسبت اس قد کو نہ دو سرو کے شمشاد کے ساتھ

دست و پا کر کے میں گم نکلا دبے پاؤں کیا
ملا وہ طفل مجھے رات جو استاد کے ساتھ

حسرتؔ اتنا جو تو مائل ہے گرفتاری کا
کچھ عداوت ہے تجھے خاطر آزاد کے ساتھ