EN हिंदी
آمد تصور بت بیداد گر کی ہے | شیح شیری
aamad tasawwur-e-but-e-bedad-gar ki hai

غزل

آمد تصور بت بیداد گر کی ہے

منیرؔ  شکوہ آبادی

;

آمد تصور بت بیداد گر کی ہے
دل کی بھی لوٹ خانہ خرابی جگر کی ہے

تقدیر کی کجی ہو کہ ٹیڑھا ہو آسماں
یہ سب عنایت آپ کی ترچھی نظر کی ہے

اک بار تیر مار کے اب تک خبر نہ لی
یا رب نگاہ مست یہ کس بے خبر کی ہے

یہ رنگ و بو کہاں گل تر کو نصیب تھا
اتری ہوئی قبا کسی رشک قمر کی ہے

پھر بھی کبھی نگاہ کرم ہوگی اس طرف
امید آج تک اسی پہلی نظر کی ہے