EN हिंदी
آگ کے ساتھ میں بہتا ہوا پانی سننا | شیح شیری
aag ke sath main bahta hua pani sunna

غزل

آگ کے ساتھ میں بہتا ہوا پانی سننا

امیر امام

;

آگ کے ساتھ میں بہتا ہوا پانی سننا
رات بھر اپنے عناصر کی سنانی سننا

دیکھنا روز اندھیروں میں شعاعوں کی نمو
پتھروں میں کسی دریا کی روانی سننا

وہ سنائیں گی کبھی میری کہانی تم کو
تم ہواؤں سے کبھی میری کہانی سننا

میری خاموشی مری مشق ہے اس مشق میں تم
مار کر تیر مری تشنہ دہانی سننا

عمر نا کافی ہے اس ہجرت اول کے لیے
پھر جنم لوں تو مری ہجرت ثانی سننا

کم سنی پر ہے عجب حال تمہارا یارو
سن لو آسان نہیں اس کی جوانی سننا

گیت میرے جو پسند آتے ہیں اتنے تم کو
انہیں گیتوں کی کبھی مرثیہ خوانی سننا

کیا نیا تم کو سناؤں کہ نیا کچھ بھی نہیں
نئے لفظوں میں وہی بات پرانی سننا