آئے ہو تو یہ حجاب کیا ہے
منہ کھول دو نقاب کیا ہے
سینے میں ٹھہرتا ہی نہیں دل
یارب اسے اضطراب کیا ہے
کل تیغ نکال مجھ سے بولا
تو دیکھ تو اس کی آب کیا ہے
معلوم نہیں کہ اپنا دیواں
ہے مرثیہ یا کتاب کیا ہے
جو مر گئے مارے لطف ہی کے
پھر ان پہ میاں عتاب کیا ہے
اوروں سے تو ہے یہ بے حجابی
مجھ سے ہی تجھے حجاب کیا ہے
اے مصحفیؔ اٹھ یہ دھوپ آئی
اتنا بھی دوانے خواب کیا ہے
غزل
آئے ہو تو یہ حجاب کیا ہے
مصحفی غلام ہمدانی