EN हिंदी
جنوں کے جوش میں پھرتے ہیں مارے مارے اب | شیح شیری
junun ke josh mein phirte hain mare mare ab

غزل

جنوں کے جوش میں پھرتے ہیں مارے مارے اب

حفیظ جونپوری

;

جنوں کے جوش میں پھرتے ہیں مارے مارے اب
اجل لگا دے کہیں گور کے کنارے اب

گیا جو ہاتھ سے وہ وقت پھر نہیں آتا
کہاں امید کہ پھر دن پھریں ہمارے اب

عجب نہیں ہے کہ پھر آج ہم سحر دیکھیں
کہ آسمان پہ گنتی کے ہیں ستارے اب

جب اس کے ہاتھ میں دل ہے مری بلا جانے
ملے وہ پاؤں سے یا اپنے سر سے وارے اب

عنایتوں کی وہ باتیں نہ وہ کرم کی نگاہ
بدل گئے ہیں کچھ انداز اب تمہارے اب

یہ ڈر ہے ہو نہ سر رہ گزار ہنگامہ
سمجھ کے کیجئے درباں سے کچھ اشارے اب

حفیظؔ سوچئے اس بات میں ہیں دو پہلو
کہا ہے اس نے کہ اب ہو چکے تمہارے اب