EN हिंदी
بچپن کا دور عہد جوانی میں کھو گیا | شیح شیری
bachpan ka daur ahd-e-jawani mein kho gaya

غزل

بچپن کا دور عہد جوانی میں کھو گیا

عباس تابش

;

بچپن کا دور عہد جوانی میں کھو گیا
یہ امر واقعہ بھی کہانی میں کھو گیا

لہروں میں کوئی نقشہ کہاں پائیدار ہے
سورج کے بعد چاند بھی پانی میں کھو گیا

آنکھوں تک آ سکی نہ کبھی آنسوؤں کی لہر
یہ قافلہ بھی نقل مکانی میں کھو گیا

اب بستیاں ہیں کس کے تعاقب میں رات دن
دریا تو آپ اپنی روانی میں کھو گیا

تابشؔ کا کیا کہیں کہ وہ زہرہ گداز شخص
آتش فشاں کا پھول تھا پانی میں کھو گیا