EN हिंदी
گم کردہ راہ خاک بسر ہوں ذرا ٹھہر | شیح شیری
gum-karda-rah KHak-basar hun zara Thahar

غزل

گم کردہ راہ خاک بسر ہوں ذرا ٹھہر

ذوالفقار علی بخاری

;

گم کردہ راہ خاک بسر ہوں ذرا ٹھہر
اے تیز رو غبار سفر ہوں ذرا ٹھہر

رقص نمود یک دو نفس اور بھی سہی
دوش ہوا پہ مثل شرر ہوں ذرا ٹھہر

اپنا خرام تیز نہ کر اے نسیم زیست
بجھنے کو ہوں چراغ سحر ہوں ذرا ٹھہر

وہ دن قریب ہے کہ میں آنکھوں کو موند لوں
یعنی ہلاک ذوق نظر ہوں ذرا ٹھہر

اے دوست میری تلخ نوائی پہ تو نہ جا
شیریں مثال خواب سحر ہوں ذرا ٹھہر

جس راہ سے اٹھا ہوں وہیں بیٹھ جاؤں گا
میں کارواں کی گرد سفر ہوں ذرا ٹھہر

اے شہسوار حسن مجھے روند کر نہ جا
واماندہ مثل راہ گزر ہوں ذرا ٹھہر

اے آفتاب حسن مری کیا بساط ہے
دریوزہ گر ہوں نور قمر ہوں ذرا ٹھہر

موہوم سی امید ہوں مجھ سے گریز کیا
اپنی کسی دعا کا اثر ہوں ذرا ٹھہر