EN हिंदी
دھوپ تھے سب راستے درکار تھا سایہ ہمیں | شیح شیری
dhup the sab raste darkar tha saya hamein

غزل

دھوپ تھے سب راستے درکار تھا سایہ ہمیں

ذاکر خان ذاکر

;

دھوپ تھے سب راستے درکار تھا سایہ ہمیں
اک سراب خوش نما نے اور ترسایا ہمیں

دل زمیں پر اس کا چہرہ نقش ہو کر رہ گیا
بارہا پھر آئنے نے خود ہی ٹھکرایا ہمیں

دھوپ صحرا دھول دریا خار رستوں کی چبھن
منزلوں کے شوق نے کیا کیا نہ دکھلایا ہمیں

مسترد کرتا گیا ہے دل ربا چہروں کو دل
بعد اس کے کوئی چہرہ کب بھلا بھایا ہمیں

ہم کہیں معتوب تھے مجذوب تھے محبوب تھے
جس کی جیسی تھی نظر اس نے وہی پایا ہمیں

درد و راحت وصل‌ و فرقت عشق کے ہیں رنگ و روپ
جاتے جاتے اس نے ذاکرؔ خوب سمجھایا ہمیں